ساحل آن لائن - سچائی کا آیئنہ

Header
collapse
...
Home / ساحلی خبریں / بنگلورو میں گوشت کی فروخت پر پابندی، کرونا وائرس اور کالرا کے پھیلنے کی خبروں کے بعد وزیر اعلیٰ ایڈی یورپا کا اعلان

بنگلورو میں گوشت کی فروخت پر پابندی، کرونا وائرس اور کالرا کے پھیلنے کی خبروں کے بعد وزیر اعلیٰ ایڈی یورپا کا اعلان

Wed, 11 Mar 2020 09:42:29    S.O. News Service

بنگلورو،11؍مارچ(ایس او نیوز) شہر بنگلورو میں کورونا وائرس کے چار معاملوں کی تصدیق اور اس کے ساتھ ہی ہیضہ پھیلنے کی خبروں کے درمیان وزیر اعلیٰ بی ایس ایڈی یورپا نے یہ حکم جاری کیا ہے کہ شہر بنگلورو میں گوشت کی تمام دکانوں کو بند کردیاجائے۔

بتایا جاتا ہے کہ حکومت نے یہ قدم کورونا وائرس اور کالرا کو پھیلنے سے روکنے کے لئے اپنائی گئی احتیاط کے طور پر اٹھایا ہے۔ منگل کے روز اس سلسلہ میں ریاست کے اعلیٰ افسروں کے ساتھ ایک میٹنگ کے بعد ایک اخباری کانفرنس میں ایڈی یورپا نے یہ اعلان کیا۔

انہوں نے کہا کہ یہ حکم دیاگیا ہے کہ شہر بنگلوروکی حدود میں تمام گوشت کی دکانوں کو بند کردیا جائے۔انہوں نے کہا کہ شہر میں گوشت کا کاروبار کرنے کے لئے جانوروں کا خون، ہڈیاں جس طرح سے ٹھکانے لگاتے ہیں اس کی وجہ سے شہر بھر میں ہیضہ پھیلنے کا خدشہ ہے۔ اس لئے حکومت نے یہ طے کیا ہے کہ شہر بھر میں کہیں بھی گوشت کی فروخت کی اجازت نہ دی جائے۔

ایڈی یورپا نے کہا کہ گوشت کی فروخت پر پابندی لگانے سے آدھا مسئلہ خود بخود حل ہو جائے گا۔ بتایا جاتا ہے کہ میٹنگ کے دوران انہوں نے بی بی ایم پی کمشنر انیل کمار سے دوٹوک انداز میں کہا کہ کل تک شہر میں گوشت کی تجارت پر مکمل پابندی لگ جانی چاہئے۔ اس کو کیسے نافذ کیا جاتا ہے وہ نہیں جانتے۔ لیکن کل سے شہر بنگلورو کی حدود میں گوشت کی فروخت نہیں ہونی چاہئے۔

اخباری کانفرنس میں انہوں نے کہاکہ کورونا وائرس کا مرض دنیا کے مختلف ممالک میں پھیل چکاتھا اوراب ہندوستان بھی اس کا شکار ہونے والے افراد کی تعداد بڑھتی جا رہی ہے۔ عالمی صحت تنظیم نے اس مرض کے تیز پھیلاؤ کو دیکھتے ہوئے عالمی طبی ایمرجنسی کا اعلان کیا ہے۔

گزشتہ دو دنوں کے دوران کرناٹک میں کورونا وائرس سے متاثر ہونے والوں کی تعداد چار ہو گئی ہے۔ انہوں نے کہا کہ اس صورتحال کو دیکھتے ہوئے انہوں نے اعلیٰ عہدیداروں کے ساتھ بات چیت کی او ر حکومت کی طرف سے درکار احتیاطی اقدامات کے بارے میں تبادلہ خیال کیا۔

ایڈی یورپا نے کہا کہ اب تک بیرون ممالک سے آنے والے 1048 افراد کی جانچ کی جا چکی ہے اور ان میں سے 446افراد کو ائیر پورٹ سے مزید جانچ کے لئے لیاب روانہ کیا گیا ان میں سے4افراد کے کورونا وائر س سے متاثر ہونے کی تصدیق ہوچکی ہے۔

انہوں نے کہا کہ جانچ کے لئے روانہ کئے گئے نمونوں میں سے 389کی رپورٹ مل چکی ہے جس میں سے صرف چار میں کوروناوائرس پایا گیا۔ مزید چند نمونوں کی جانچ جاری ہے ان کی رپورٹ ملنے کے بعد ہی واضح منظر سامنے آسکتا ہے۔

انہوں نے کہا کہ کل امریکہ سے لوٹنے والے جس انجینئر کو کورونا وائرس سے متاثر پایا گیا اس کے ساتھ ہی اس کی بیوی او ر بیٹی میں بھی کورونا وائرس کی نشاندہی ہوئی ہے اور ان کا علاج جاری ہے۔ ان کے علاوہ ایک او ر فرد میں بھی اس وائرس کے ہونے کی تصدیق ہو چکی ہے۔

وزیر اعلیٰ نے کہا کہ میسور، ہاسن او ر شیموگہ میڈیکل کالجوں میں کورونا وائرس کی جانچ کے لئے سہولتیں قائم کی گئی۔


Share: